چک جلال دین کے گھر سے نعیمہ بی بی اور راویلہ بی بی کی لاشیں ملیں، پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیں
راولپنڈی (الفجر آن لائن): راولپنڈی کے علاقے تھانہ دھمیال کی حدود میں دو خواتین کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں مبینہ طور پر تشدد کے بعد قتل کیے جانے کا شبہ ہے۔ دونوں خواتین کی لاشیں گرجا روڈ، چک جلال دین میں واقع ایک گھر سے ملی ہیں، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق جاں بحق خواتین کی عمریں 30 سے 35 سال کے درمیان ہیں اور ان کی شناخت نعیمہ بی بی اور راویلہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق راویلہ بی بی کے سر پر گہرے زخم موجود ہیں، جبکہ نعیمہ بی بی کے جسم پر بظاہر کوئی زخم نظر نہیں آیا۔
پولیس حکام کے مطابق فوری طور پر دونوں خواتین کی موت کی حتمی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جس کے بعد موت کی وجوہات کا تعین کرنے میں مدد ملے گی۔
واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ خواتین کی ہلاکت کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین تفتیش اور طبی رپورٹ کی روشنی میں کیا جائے گا۔

