بیگم نصرت بھٹو جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کی جدوجہد کی علامت تھیں، چیئرپرسن بی آئی ایس پی
اسلام آباد (الفجر آن لائن): چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے بیگم نصرت بھٹو کی برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کی جدوجہد کی علامت تھیں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے جمہوریت کی بحالی اور آمریت کے خلاف جدوجہد میں ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا۔ انہوں نے آمریت کے دور میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، لیکن اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کی قربانیاں پاکستان کی جمہوری تاریخ کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی جمہوریت کے استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھی۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی کے مطابق بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد، قربانیاں، عزم اور حوصلہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جمہوری جدوجہد میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کی جمہوریت سے وابستگی اور اصولی مؤقف پاکستان کی سیاسی تاریخ کا قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بیگم نصرت بھٹو کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین۔

