جرمن صدر فرینک والٹر شٹائن مائر نے پاکستانی صدر کا استقبال کیا، دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات، تجارت اور معاشی تعاون کو فروغ دینا ہے
برلن (الفجر آن لائن): صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں جرمنی کی وزارتِ دفاع میں پروقار استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جہاں جرمن صدر فرینک والٹر شٹائن مائر نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری جرمن صدر فرینک والٹر شٹائن مائر کی دعوت پر جرمنی کے دورے پر ہیں۔ فراہم کردہ معلومات کے مطابق گزشتہ 23 برس میں کسی پاکستانی سربراہِ مملکت کا یہ پہلا دورۂ جرمنی ہے، جس کے باعث اس دورے کو پاکستان اور جرمنی کے دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں خصوصی اہمیت حاصل ہے۔
رواں سال پاکستان اور جرمنی اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ بھی منا رہے ہیں۔ یہ سنگِ میل دونوں ممالک کے دیرینہ سفارتی روابط اور باہمی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
دورے کے دوران صدرِ مملکت اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد کے ہمراہ جرمن صدر اور اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور جرمنی کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی صورتِ حال، معاشی و تجارتی تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
صدر آصف علی زرداری کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، تجارتی روابط بڑھانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

