سرکاری جامعات میں اعلیٰ تعلیم، مستحق طلبہ کے لیے اسکالرشپس اور بلوچستان کی معیشت کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے پر تبادلۂ خیال
کوئٹہ (الفجر آن لائن): گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے امریکہ میں مقیم ممتاز پاکستانی بزنس مین اور سماجی خدمتگار تنویر احمد نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، مستحق اور باصلاحیت طلبہ کے لیے اسکالرشپس، سرکاری جامعات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور تحقیق، جدت طرازی اور جدید مہارتوں کے فروغ سے متعلق مختلف تجاویز پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران بلوچستان کے تاجروں اور کاروباری طبقے کو بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے، نئی تجارتی راہیں تلاش کرنے اور بیرونی سرمایہ کاری کے امکانات سے فائدہ اٹھانے کے امور بھی زیرِ بحث آئے۔
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ نجی شعبہ، تعلیمی ادارے اور سمندر پار پاکستانی مشترکہ حکمت عملی کے تحت نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے، مستحق طلبہ کے لیے تعلیمی سہولیات بڑھانے اور بلوچستان کی معیشت کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں۔ ان کوششوں کا مقصد صوبے کے نوجوانوں کے لیے روشن مستقبل اور پاکستان کے لیے ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں ہموار کرنا ہے۔
گورنر نے کہا کہ تنویر احمد سینکڑوں پاکستانی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں معاونت فراہم کرنے، عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے اور سمندر پار پاکستانیوں میں وطن سے محبت اور قومی وابستگی کے جذبات کو تقویت دینے کے لیے قابلِ قدر کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ تنویر احمد جیسی فعال اور سماجی خدمت کے جذبے سے سرشار شخصیات بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور وطنِ عزیز کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔
گورنر بلوچستان نے تنویر احمد کے تعاون سے پاکستان اور بلوچستان کے نوجوانوں کا پیغام اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک تک پہنچانے کی کوشش کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں، تخلیقی فکر اور امن و ترقی کے پیغام کو عالمی سطح پر متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس موقع پر تنویر احمد نے بلوچستان کی سرکاری جامعات اور مستحق طلبہ کے لیے اسکالرشپس کے حوالے سے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تعلیم، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی روابط کے فروغ کے ذریعے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

