اسلام آباد(الفجرآن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت لائیوسٹاک کے شعبے میں اصلاحات، لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیمِ نو اور منہ کھر کی بیماری کے خاتمے کے اقدامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم نے بورڈ کی تنظیمِ نو کی منظوری دے دی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیئرمین اور اراکین کا انتخاب شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے، جبکہ نجی شعبے کے قابل اور تجربہ کار ماہرین کو شامل کرکے ادارے کو مؤثر اور فعال بنایا جائے۔وزیراعظم شہباز شریف نے منہ کھر کی بیماری کے مکمل خاتمے کے لیے واضح اہداف، قابلِ پیمائش نتائج اور مقررہ مدت پر مشتمل جامع ایکشن پلان پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اپنے وسائل سے اسلام آباد میں مویشیوں کے لیے جدید اور مؤثر ویکسین تیار کرنے کا پلانٹ قائم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک اور ڈیری کے شعبے کی ترقی کے لیے عالمی معیار کے کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جائیں اور اس شعبے میں مہارت رکھنے والے ممالک کے تجربات سے استفادہ کیا جائے۔وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان میں لائیوسٹاک کے شعبے میں وسیع استعداد موجود ہے، جسے برآمدات بڑھانے، معاشی ترقی کو فروغ دینے اور دیہی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے بروئے کار لانا ضروری ہے۔ جانوروں کی صحت، افزائشِ نسل، پیداوار اور ویلیو چین میں بہتری کے ذریعے عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھائی جا سکتی ہے۔اجلاس میں بورڈ کی تنظیمِ نو، جانوروں کی بیماریوں کی نگرانی، ویکسینیشن، جانوروں کی شناخت اور ٹریس ایبلٹی، جبکہ گوشت اور ڈیری مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، رانا تنویر حسین، ڈاکٹر مصدق ملک اور عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔لائیوسٹاک کے شعبے میں اصلاحات، جانوروں کی بیماریوں پر قابو پانے اور برآمدی معیار بہتر بنانے کے اقدامات پاکستان کی زرعی معیشت، دیہی روزگار اور معاشی ترقی کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔

