ابتدائی مرحلے میں 10 محکموں کی سمریز کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کا آغاز، ایک لاکھ 83 ہزار سے زائد ای فائلز نمٹائی جا چکی ہیں، اجلاس کو بریفنگ
کوئٹہ (الفجر آن لائن): بلوچستان میں ڈیجیٹلائزیشن اور بہتر طرزِ حکمرانی کی جانب ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں 28 سرکاری محکموں میں ای فائلنگ کے نفاذ کے بعد سرکاری سمریز کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں 10 سرکاری محکموں کی سمریز کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کا آغاز کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت سروس ڈیلیوری میں بہتری سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سرکاری امور کو جدید ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے اور انتظامی کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 28 سرکاری محکموں میں اب تک ایک لاکھ 83 ہزار سے زائد ای فائلز نمٹائی جا چکی ہیں۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ سرکاری سمریز کی ڈیجیٹلائزیشن سے سرکاری امور کی انجام دہی میں تیزی آئے گی اور فیصلہ سازی کے عمل کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سرکاری امور کو جدید ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے اور انتظامی معاملات میں غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ کرتے ہوئے بروقت فیصلوں کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کے استعمال سے سرکاری کاموں میں شفافیت، رفتار اور جوابدہی کو فروغ ملے گا۔ جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال عوام کو بہتر اور بروقت سرکاری خدمات فراہم کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں تمام متعلقہ محکموں کی مؤثر معاونت یقینی بنائی جائے تاکہ اصلاحاتی اقدامات پر عمل درآمد میں رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومتی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے روایتی طریقۂ کار کی جگہ مؤثر ڈیجیٹل نظام اپنانا ہوگا۔ سرکاری امور میں آسانی، تیز رفتار فیصلہ سازی اور عوامی سہولت ڈیجیٹل اصلاحات کے بنیادی مقاصد ہیں۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بلوچستان میں سرکاری نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عوام کو مؤثر خدمات کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل اصلاحات کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔

