فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاک فوج کے افسران و جوانوں کا مرحوم کی عسکری خدمات اور قیادت کو خراجِ تحسین
راولپنڈی (الفجر آن لائن): پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عبدالوحید کاکڑ (ریٹائرڈ) آج راولپنڈی میں انتقال کر گئے۔
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج کے تمام افسران و جوانوں نے جنرل عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق پاک فوج نے مرحوم کی ممتاز عسکری خدمات، قیادت اور پاکستان آرمی کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج سوگوار خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبر و ہمت عطا فرمائے۔ آمین۔

