عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں، وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو
کوئٹہ (الفجر آن لائن): وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کی زیرِ صدارت ضلع پشین میں امن و امان کی صورتِ حال سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی و انتظامی حکام، منتخب نمائندوں، قبائلی عمائدین اور علمائے کرام نے شرکت کی۔
اجلاس میں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) اصغر ترین، اراکین صوبائی اسمبلی سید ظفر آغا اور اسفندیار کاکڑ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقات، کمشنر پشین ڈویژن، ڈی آئی جی پشین، ڈی پی او اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران ضلع پشین میں امن و امان کی صورتِ حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ، جرائم کی روک تھام اور امن برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ پشین سمیت پورے بلوچستان میں عوام کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔
وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ ضلع پشین میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پشین سمیت دیگر علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں اور امن و امان کی صورتِ حال بہتر بنانے کے لیے مربوط اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عوام کے تحفظ اور علاقے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے انتظامی اداروں، قانون نافذ کرنے والے محکموں اور مقامی عمائدین کے درمیان تعاون کو مؤثر بنایا جائے گا۔

