کوئٹہ (الفجرآن لائن) بلوچستان کے مرکزی شہرکوئٹہ میں گرمی کا 26 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے گئی علاقوں میں سورج قہر برسا رہا اور شہری گرمی سے نڈھال ہیں، بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں گرمی کا 26 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، پارہ44 ڈگری سینٹی گریڈ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کے مطابق 1998 کے بعد کوئٹہ کا یہ ریکارڈ ترین درجہ حرارت ہے، دوسری جانب بلوچستان کا زیادہ تر حصہ گرمی کی لہر کی زدمیں ہے، کوئٹہ شہر کا پچھلا ریکارڈ 42ڈگری کا ہے، جو 1998 میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔ بلوچستان میں ملک کے دیگر علاقوں کی طرح سورج قہر برسا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم ژوب ،موسیٰ خیل ،شیرانی،سبی جھل مگسی،بارکھان،ڈیرہ بگٹی،آوران اور لسبیلہ میں چند مقامات پر آندھی یا جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح قلات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40، سبی میں 46 ، نوکنڈی میں 49، تربت میں42 ، خضدار میں 43اور صوبے کے ساحلی علاقوں جیوانی اور گوادر میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔