
اسلام آباد (الفجرآن لائن) پی ٹی آئی نے انتخابی بے ضابطگیوں پر چیف الیکشن کمشنر و ممبران کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خا ن بھچرنے انتخابی بے ضابطگیوں پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ و الیکشن کمیشن اراکین کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کردیا۔
اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے 430صفحات پر مشتمل ریفرنس میں انتخابی بے ضابطگیوں سے متعلق دستاویزی ثبوت لف کئے گئے ہیں۔ریفرنس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے حوالے سے جانبداری کا رویہ اپنایا، کمشنر اور ممبران نے ایک سیاسی جماعت کو ٹارگٹ کیا۔ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات کی شفافیت پر دنیا بھر میں سوالات اٹھائے گئے، چیف الیکشن کمشنر اور ممبران آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہے۔استدعا ہے کہ سکندر سلطان راجہ اور دیگر ممبران کو کام کرنے سے روکنے کا حکم دیا جائے۔