پولیو کا کہیں بھی ہونا ہر بچے کیلئے خطرہ، صوبوں کی مشاورت سے بیماری کا پھیلاؤ روکنے کیلئے جامع روڈ میپ پر عمل پیراہیں، عائشہ فاروق
حیدر آباد : حیدر آباد میں 29 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد ملک میں ایک سال میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسداد پولیو پروگرام حکام نے بتایا ہے کہ حیدر آباد میں 29 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔کوآرڈنیٹر نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو انوارالحق کے مطابق پولیو کیس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، حیدر آباد اور کراچی کے اضلاع میں پولیو وائرس کئی ماہ سے موجود ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے کہ پولیو کا کہیں بھی ہونا ہر بچے کیلئے خطرہ ہے، صوبوں کی مشاورت سے پولیو کا پھیلاؤ روکنے کے لیے جامع روڈ میپ پر عمل ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو سے متاثرہ اضلاع میں ستمبر میں انسدادِ پولیو مہم چلائی جائے گی۔واضح رہے کہ نیا کیس سامنے آنے کے بعد ملک میں رواں سال رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔