
ایبٹ آباد (الفجرآن لائن) ایبٹ آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار ایک پولیس اہلکار شہید، دوسرا زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے شہر ایبٹ آباد کے علاقے سیٹھی مسجد کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ سکندر آباد کے اہلکار گشت پر تھے کہ ایک شخص کو روکا تو اس نے فائرنگ کر دی جس سے 2 اہلکار شاہ زیب اور احتشام شدید زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم دوران علاج شاہ زیب جان کی بازی ہار گیا جبکہ دوسرے اہلکار کو تشوشناک حالت میں ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل کے مطابق وقوعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، شہر کی ناکہ بندی کر کے ملزم کی تلاش جاری ہے جسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
٭٭٭٭٭