ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ دشمنوں سے نمٹنے کیلئے ہمارا بڑا ہتھیار،ملک دشمن عناصر، غیر ملکی اداروں کے اشتراک نے ڈیجیٹل دہشت گردی کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے، آرمی چیف
معرکہ ستمبر میں افواج کا جرات و بہادری کا مظاہر ہ آئندہ نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے، جب تک ہم متحد رہیں گے دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی، یوم دفاع پر پیغام
راولپنڈی (الفجرآن لائن) چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قومی اتحاد و یکجہتی کے جذبے سے سر شار افواج سرحدوں کا تحفظ کر رہی ہیں، ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ دشمنوں سے نمٹنے کیلئے ہمارا بڑا ہتھیار ہیں،ملک دشمن عناصر، غیر ملکی اداروں کے اشتراک نے ڈیجیٹل دہشت گردی کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے، معرکہ ستمبر میں افواج کا جرات و بہادری کا مظاہر ہ آئندہ نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے، جب تک ہم متحد رہیں گے دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 6 ستمبر یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ جنگ ستمبر کے موقع پر قومی یکجہتی کا جذبہ ہمارے لئے سرمایہ افتخار ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن تاریخ میں یومِ دفاعِ وطن کے نام سے نمایاں حیثیت رکھتا ہے، آج کے دن افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے تھے۔انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد و یکجہتی کے جذبے سے سر شار افواج سرحدوں کا تحفظ کر رہی ہیں، معرکہ ستمبر میں افواج کا جرات و بہادری کا مظاہر ہ آئندہ نسلوں کیلئے مشعلِ راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارے لئے مقدم ہیں، شہداء اور ان کے اہل خانہ کی حرمت و حفاظت کی ذمہ داری بطریق احسن انجام دینا جانتے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ ایمان، تقویٰ اور جہادِ فی سبیل اللہ دشمنوں سے نمٹنے کیلئے ہمارا بڑا ہتھیار ہیں، دہشت گردی کے عفریت کو بہادری اور جواں مردی سے افواج نے قابو کیا۔انہوں نے کہا کہ فورسز اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کاوشوں سے آج پاکستان محفوظ ہے، ڈیجیٹل دہشت گردی اور ففتھ جنریشن جنگ نئے چیلنجز کے طور پر سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ روایتی دہشت گردی کے برعکس ڈیجیٹل دہشت گردی زیادہ خطرناک اور پیچیدہ ہے، ملک دشمن عناصر، غیر ملکی اداروں کے اشتراک نے ڈیجیٹل دہشت گردی کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وطن کی سلامتی اور خوش حالی کے عزم کے ساتھ عہد کریں کہ ہم متحد رہیں گے، عہد کریں کہ اختلافات بھلا کر مثالی یک جہتی اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں گے، جب تک ہم متحد رہیں گے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔