تعلیمی نقصان کا احساس،بچوں کو مہلک اثرات سے بچانے کیلئے تعلیمی ادارے بند کرنے کا اقدام مجبورا اٹھانا پڑا،وزیر تعلیم رانا سکندر حیات
راولپنڈی (الفجر آن لائن) حکومت پنجاب نے بڑھتی سموگ، فضائی آلودگی کے باعث صوبے کے تمام اضلاع کے نجی و سرکاری سکول بند کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری و نجی سکول 17نومبر تک بند رہیں گے،نوٹیفکیشن میں سرکاری ونجی تعلیمی اداروں، ٹیوشن سینٹرزکو آن لائن سیشن پرمنتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ ائیر کوالٹی انڈیکس میں اضافے اور فضائی آلودگی کے باعث سانس، آنکھوں،گلے کی بیماریاں بڑھنے پرکیا گیا ہے۔ دوسری جانب وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ سموگ کے بڑھتے اثرات کے پیش نظر تمام اضلاع میں سکول بند کر رہے ہیں، فیصلہ اضلاع کی جانب سے موصول ہونیوالی شکایات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی نقصان کا احساس ہے مگر تعلیمی ادارے بند کرنے کا اقدام مجبوراً اٹھا رہے ہیں، بچوں کو مہلک اثرات سے بچانے کیلئے یہ انتہائی فیصلہ کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن تدریس میں مشکلات کے پیش نظر متبادل حکمت عملی جلد لا رہے ہیں۔