
عوام احتیاط کریں ،سماجی فاصلوں کے نفاذ میں حکومت کا ساتھ دیں،مشیر صحت
پشاور (الفجر آن لائن) خیبرپختونخوا میں ایم پاکس کا نیا مریض سامنے آگیا جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔ مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی نے چھٹے کیس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ خیبرپختونخوا جنوبی ضلع لکی مروت کی یونین کونسل کوٹ کشمیر کے 35سالہ شخص میں ایم پاکس کی تشخیص ہوئی ہے، مذکورہ مریض 28نومبر کی رات 9:30بجے دبئی سے فلائٹ نمبر پی کے 284کے ذریعے پاکستان پہنچا تھا،مشتبہ مریض کو خیبر ٹیچنگ ہسپتال معائنے کیلئے لے جایا گیا جہاں سے اس کے نمونے پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب بھیجے گئے تھے جن میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ مریض دبئی میں پچھلے 5سال سے بطور ڈرائیور ملازمت کررہا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ ڈی جی ہیلتھ کی سربراہی میں بنائی گئی ریپڈ رسپانس ٹیم کے سرویلنس افسر ڈاکٹر مصور نے اس کیس کا کھوج لگایا، مریض کو بیماری کے علاج و سماجی فاصلوں سمیت دیگر احتیاطی تدابیر سمجھادی گئی ہیں جبکہ متعلقہ ڈی ایچ او کو مریض پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں اس وقت ایم پاکس کا ایک ہی فعال کیس ہے، رواں سال صوبے بھر سے 6ایم پاکس کیسز سامنے آئے ہیں، 5متاثرہ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت نے اسے ایمرجنسی آف انٹرنیشنل کنسرن قرار دیا ہے۔ مشیر صحت نے کہاکہ عوام احتیاط کریں اور سماجی فاصلوں کے نفاذ میں حکومت کا ساتھ دیں۔