
وزیر داخلہ سندھ کا نوٹس، فرار ڈرائیور کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت
کراچی (الفجر آن لائن) کراچی سپرہائی وے پر تیز رفتار ڈمپر نے پروفیسر اور اہلیہ کو کچل کر ڈالا۔ پولیس کے مطابق کراچی سپرہائی وے جمالی پل کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے میاں ، بیوی کو کچل دیا جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونیوالے شخص کی شناخت 54سالہ طارق ولد صلاح الدین اور55سالہ نادیہ کے نام سے ہوئی ہے ۔طارق صلاح الدین عبداللہ گورنمنٹ کالج میں فزکس کے پروفیسر اور سکیم 33کے رہائشی تھے جنہوںنے حال ہی میں عزیز آباد میں نیا گھر لیا تھا اوراپنے گھر کے سامان کی شفٹنگ کروا رہے تھے۔ پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ڈمپر کا ڈرائیور فرارہوگیا ہے جس کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے حادثے کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ڈرائیور کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی ہے۔