
حکومت کسی پراجیکٹ کیلئے جگہ کے انتخاب کے وقت وہاں درختوںکی موجودگی دیکھ لے، درخت کاٹنے کے کیس پر وزیراعلی نے کارروائی نہ کی تو خود پی ایچ اے کیخلاف کریمنل کیس درج کروائوںگا ،جسٹس شاہد کریم
لاہور (الفجر آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ تدارک کیس میں تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات 10جنوری تک بڑھانے کی تجویز دے دی جبکہ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیتے ہیں کہ حکومت کسی پراجیکٹ کیلئے جگہ کے انتخاب کے وقت وہاں درختوںکی موجودگی دیکھ لے، درخت کاٹنے کا کیس وزیراعلی تک پہنچایاجائے، وہ کارروائی نہیں کریںگی تو خود پی ایچ اے کیخلاف کریمنل کیس درج کروائوںگا ۔
منگل کو لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک بارے دائر درخواستوں پر سماعت کی، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ دوران سماعت ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ ٹائون شپ کے پاس بس ڈپو میں درخت کاٹے گئے ہیں جس پر جسٹس شاہد کریم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے سختی سے کہا تھا درخت نہیں کاٹے جائیں گے۔ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق خان نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے محکمہ جنگلات کو لکھا ہے کہ بس ڈپو میں درخت ہیں ان کو ٹرانسپلانٹ کرنا ہے ، انوائرنمنٹل پروٹیکشن اتھارٹی نے درخت کاٹنے کی درخواست کو منظور کیا۔وکیل حنا حفیظ اللہ نے عدالت کو بتایا کہ پی ایچ اے درختوں کو کاٹ رہا ہے۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ اس بس ڈپو سے تین درخت کاٹے گئے ہیں ،ان کا خاص مقصد تھا، یہاں 27الیکٹرک بسیں آنی ہیں ان کو پارک کیا جانا ہے ، نیسپاک نے پورا پلان دیا کہ کیسے یہ سارا کام مکمل کیا جانا ہے جس پر عدالت نے کہا کہ جب یہ سارا کام ہوا اور عدالت کو معلوم ہو گیا تو یہ سارا کام آپ نے کیا۔پی ایچ اے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخت کاٹے نہیں گئے ان کی ٹرمنگ کی گئی ہے جس پر عدالت نے کہاکہ یہ بالکل بھی ٹھیک نہیں ہم مطمئن نہیں ، اگر درخت پی ایچ اے نے نہیں کاٹے تو کس نے کاٹے ہیں؟ جس نے درخت کاٹے اس کے خلاف کیا کارروائی کی گئی؟۔جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ درختوں کی کٹنگ ، ٹرانسپلانٹ اور ٹرمنگ بغیر اجازت نہیں کی جا سکتی، حکومت کسی پراجیکٹ کیلئے جگہ کے انتخاب کے وقت دیکھ لے کہ وہاں سے درخت نہ کاٹنے پڑیں، درخت کاٹنے والے کیس کو وزیراعلی تک پہنچائیں ، وزیراعلی خود اس کیس کو دیکھیں اور کارروائی کریں ، اگر چیف منسٹر کارروائی نہیں کریں گی تو میں خود کروں گا ، میں پی ایچ اے کے خلاف کریمینل کیس درج کرائوں گا۔
عدالت نے آئندہ سماعت تک درخت کاٹنے اور ٹرانسپلانٹ بارے مکمل رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ماہ جنوری پر توجہ کرنی چاہئے کیونکہ جنوری میں سموگ دوبارہ آئے گی، محکمہ تعلیم کو چاہئے کہ چھوٹے بچوں کو سکول کی چھٹیاں جلدی دیدے اور چھٹیاں 10جنوری تک بڑھا دیں، پچھلے سال بھی ہم نے ایسا ہی کیا تھا، تعمیرات کو بھی آپ کو ریگولیٹ کرنا ہوگا، ہفتے میں 2سے 3دن کام کرنے کی اجازت دینا ہوگی۔جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ ہم ایک سرکلر جاری کر رہے ہیں کہ پنجاب میں اگر کوئی درخت کاٹنا ضروری ہے تو پہلے لاہور ہائیکورٹ اور جوڈیشل کمیشن کو آگاہ کرنا ہوگا۔بعدازاں عدالت عالیہ نے درخواستوں پر سماعت 6دسمبر تک ملتوی کر دی۔