
اسلام آباد ( الفجرآن لائن) کراچی کے کریک کلب میں انڈر 23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کے میچز کا انعقاد کیا گیا۔ ورلڈ اسکواش نے یہ نیا میگا ایونٹ متعارف کروایا، جو کہ سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، کی سرپرستی میں پاکستان اسکواش فیڈریشن کی جانب سے منعقد کیا گیا۔ 6 سے 10 اپریل، 2025 تک جاری رہنے والے اس باوقار ٹورنامنٹ کے دوران پاکستان، کینیڈا، کولمبیا، جمہوریہ چیک، مصر، انگلینڈ، فرانس، ہانگ کانگ، چین، ایران، جاپان، کویت، ملائیشیا، مالٹا، نیدرلینڈز، پولینڈ، رومانیہ، سنگاپور، جنوبی افریقہ، اسپین، سری لنکا، سوئٹزرلینڈ اور امریکہ سمیت 23 ممالک کے کل 34 مرد اور 22 خواتین کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کے لیئے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

انڈر 23 ورلڈ اسکواش چیمپیئن شپ کی میزبانی کے ذریعے پاکستان میں مزید ہائی پروفائل بین الاقوامی سپورٹس مقابلوں کی میزبانی کی راہ ہموار ہوگی، جس سے مقامی پلیئرز کو دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کے مدمقابل کھیلنے کے وسیع مواقع حاصل ہونگے۔ پاک فضائیہ نے ملک میں سپورٹس کی سرپرستی کرتے ہوئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کو ہمیشہ فروغ دیا۔سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی سرپرستی اور خصوصی رہنمائی میں پاکستان نے اسکواش کے کھیل میں قابل ستائش ترقی حاصل کی جس سے نوجوان ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیئے ایک بہترین پلیٹ فارم کی فراہمی ممکن ہوئی۔ انڈر 23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کی کامیاب میزبانی اس امر کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ پاکستان سپورٹس سے محبت رکھتا ہے اور بین الاقوامی سپورٹس مقابلوں کی میزبانی کے لیئے مکمل طور پر ایک پرامن ملک ہے۔