
اسلام آباد (الفجرآن لائن) سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے دورہ چین کے دوران اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ اِن ملاقاتوں میں سربراہ پاک فضائیہ کی چین کے وزیر دفاع، ایڈمرل ڈونگ جون، پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کے کمانڈر جنرل چانگ ڈنگ کیو اور بیورو آف ملٹری ایکوئپمنٹ اینڈ ٹیکنیکل کوآپریشن (بومیٹک) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل کاؤ ژاؤ جیان سے ملاقات شامل ہے۔ سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی آمد پر چینی عسکری قیادت نے اُن کا پر جوش استقبال کیا۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین علاقائی شراکتداری کو مزید مستحکم کرے گا، ملاقات میں اعلی سطحی مذاکرات اور معاہدے شامل تھے۔ اس موقع پر ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جو علاقائی امن اور سلامتی سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔ سربراہ پاک فضائیہ نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مضبوط علاقائی شراکت داری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
چین کے شہر بیجنگ میں پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس ہیڈ کوارٹر پہنچنے پرسربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کے ایک چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کے کمانڈر نے پاک فضائیہ کے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اورپاک فضائیہ کی جانب سے کی گئ قابل ذکر پیشرفت کی تعریف کی۔ سرابراہ پاک فضائیہ نے چین کی بھرپور مہمان نوازی اور خلوص کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات اور باہمی تعاون پر زور دیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداذ سے نمٹنے کے لیے پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کے ساتھ باہمی تعاون اور مشترکہ مشقوں کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ سربراہان نے دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین موجودہ تعاون کو مزید تقویت دینے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق کیا۔ یہ قدم دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا ۔
چینی وزیر دفاع، ایڈمرل ڈونگ جون سے ملاقات میں سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے عسکری شراکت داری اور تزویراتی تعاون کے شعبوں میں پہلے سے موجود دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا، جس سے مشترکہ مشقوں کے دوران دیگر شعبہ جات میں موجود چیلنجز سے موثرانداذ سے نمٹا جاسکے گا اور دونوں ممالک کے ایئراینڈ گراونڈ عملے کو دور جدید کے ہوائی اور خلائی جنگ کے چیلنجز سے نمٹنے میں معاونت حاصل ہو گی۔ ایڈمرل ڈونگ جون نے اس امر پر زور دیا کہ دونوں افواج نے تزویراتی مواصلات، مشترکہ مشقوں اور تربیتی شعبوں میں نمایاں ترقی حاصل کی ہے۔
بیورو آف ملٹری ایکوئپمنٹ اینڈ ٹیکنیکل کوآپریشن (بومیٹک) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل کاؤ ژاؤ جیان سے ملاقات میں سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے جدید عسکری سازوسامان کی مشترکہ ترقی کے مزید مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا، جو دونوں ممالک کی عسکری صلاحیتوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ پالیسی سطح کے فیصلوں میں صنعتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے چینی دفاعی صنعت کے سربراہان سے بھی ملاقات کی، جس میں ایئر چیف نے چینی کمپنیوں کو پاک فضائیہ کے زیر سایہ عمل میں لائے گئے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک میں شرکت کی دعوت دی۔ اُنہوں نے جدید ترین ٹیکنالوجیز پر مبنی مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے بتایا کہ نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک ٹیکس فری نظام اورایسا بہترین ماحول فراہم کرتا ہے، جس کے ذریعے اسپیس پروگرامز، الیکٹرانک وارفیئر، سائبر وارفیئر، آئی ایس آر اور ملٹی ڈومین آپریشنز میں انقلابی ترقی کے بہتریں مواقع حاصل ہوسکتے ہیں۔
سربراہ پاک فضائیہ کا دورہ چین دونوں برادر ممالک کے مابین باہمی ہم آہنگی کا مظہر ہے جسکے تحت سفارتی اور عسکری تعاون کے ذریعے دونوں ممالک اپنی دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم کریں گے۔