
بلوچستان کے ضلع خضدار میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب، تقریباً ایک بجے کے قریب کھوڑی اور زیدی کے درمیان واقع پہاڑی علاقے میں نصف درجن سے زائد مسلح افراد نے تربوز سے بھری پک اپ گاڑی کو زبردستی روک کر اپنے قبضے میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق، مسلح افراد نے گاڑی کے مالک پیار علی ساسولی اور ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے ہاتھ پاؤں باندھ دیے اور گاڑی اپنے ساتھ لے گئے۔ کئی گھنٹے گزرنے کے بعد دونوں متاثرین کسی طرح اپنے بندھن کھولنے میں کامیاب ہوئے، جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر قریبی کھوڑی چیک پوسٹ اور مقامی انتظامیہ کو واقعے کی اطلاع دی۔تاہم، تاحال انتظامیہ یا سیکیورٹی اداروں کی جانب سے کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی، جس پر متاثرین اور مقامی عوام میں سخت تشویش اور غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ عوامی مطالبہ ہے کہ مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کا قانون پر اعتماد بحال ہو سکے۔