لاہور (الفجرآن لائن) رکشہ ڈرائیور نے جواں سال لڑکی پر بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے اسے جبری زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ نشتر کالونی پولیس نے لڑکی پر بہیمانہ تشدد اور زیادتی کے الزام میں رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزم کو بینک اسٹاپ سے ٹریس کرکے حراست میں لیا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے بتایا کہ متاثرہ لڑکی لنک روڈ پر واقع ایک نجی مال میں کام کرتی تھی۔
چھٹی کے بعد وہ گھر جانے کے لیے رکشے میں سوار ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق ملزم لڑکی کو جان سے مارنے کی دھمکی دے کر آشیانہ روڈ پر واقع ایک گھر لے گیا۔
ملزم پر مدعیہ نے الزام عائد کیا ہے کہ گھر میں ملزم نے لڑکی پر تشدد کیا اور اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ایس پی اسد علی نے بتایا کہ واقعے کے بعد
ملزم متاثرہ لڑکی کو اس کے گھر کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عابد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عابد کے خلاف مقدمہ درج کرکے معاملہ جینڈر سیل کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے کہا کہ خواتین کا استحصال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

