کوئٹہ(الفجرآن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت شہر میں تعمیراتی قوانین پر مو¿ثر عملدرآمد، غیر منظور شدہ کمرشل تعمیرات کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سلسلے میں ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ کی ہدایات پر میونسپل مجسٹریٹ نوید لاشاری ہمراہ چیف آرکیٹیکٹ اشفاق بادینی، ٹیکس سپرنٹینڈنٹ ذولفقار علی، انجینئرز اور فیلڈ انجینئرز پر مشتمل ٹیم نے غیر قانونی کمرشل تعمیرات کے خلاف کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران فاطمہ جناح روڈ پر زیر تعمیر پلازہ کا بلڈنگ پلان اور بلڈنگ پرمٹ طلب کیا گیا، تاہم متعلقہ ٹھیکیدار کوئی منظور شدہ نقشہ یا اجازت نامہ پیش نہ کر سکا۔
جس پر تعمیراتی کام بند اور موقع پر موجود مشینری بھی سیل کر دی گئی۔ایک اور کارروائی کے دوران جناح روڈ پر بغیر منظوری اور منظور شدہ بلڈنگ پلان کے تعمیراتی کام میں مصروف ایک دکان کو بھی سیل کے تعمیراتی سامان ضبط کر لیا گیا۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے واضح کیا ہے کہ بغیر منظور شدہ نقشے اور بلڈنگ پرمٹ کے تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
دریں اثنا چلتن زون مانیٹرنگ ٹیم نے رئیسانی روڈ، سبزل روڈ اور عیسیٰ نگری میں چار مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے بغیر این او سی/بلڈنگ پرمٹ کے جاری تعمیراتی کام رکوا دیے۔
چلتن زون انچارج سرور زہری نے متعلقہ ٹھیکیداروں اور مالکان کو ہدایت کی کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ سے ضروری بلڈنگ پرمٹ/این او سی حاصل کرنے کے بعد ہی تعمیراتی کام دوبارہ شروع کیا جائے۔

