لاہور (الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں کرپشن کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے۔
حکومت نے بدعنوانی کے خلاف فیصلہ کن راؤنڈ شروع کرتے ہوئے مختلف محکموں کے 54 افسران و اہلکاروں کے خلاف معطلی، برطرفی، گرفتاری اور مقدمات سمیت کارروائیاں کی ہیں، جبکہ محکمہ خوراک میں مبینہ کرپشن کے الزام میں 48 افسران و اہلکار کارروائی کی زد میں آگئے ہیں۔
محکمہ خوراک کی جانب سے مختلف اضلاع میں متعدد افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ بہاولپور میں 6 فوڈ گرین انسپکٹرز اور چوکیداروں کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا، جن میں ساجد محمود خان، محمد سلیم، عاصم علی، عبدالرشید، محمد اسحاق اور طارق رشید شامل ہیں۔
گوجرانوالہ میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز ابوبکر رضا اور بابر جاوید سمیت شفیق، انصار بٹر، محمد نثار، سینئر کلرک وقار احمد، ذوالفقار علی، محمد علی شاہین اور عاطف حسین کے خلاف کارروائی کی گئی۔
بہاولپور میں وسیم طلحہ، ہارون عبداللہ اور عمر حیات چوکیدار بھی ملازمت سے فارغ کیے گئے۔سرگودھا کے فوڈ گرین انسپکٹر ندیم شہزاد، ملتان کے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر ہمایوں شوکت بھٹی اور چوکیدار رضاقت علی کو بھی ملازمت سے فارغ کردیا گیا۔
ڈی جی خان کے فوڈ گرین انسپکٹر رانا عبدالستار اور گجرات کے فوڈ گرین انسپکٹر حذیفہ یونس کے خلاف بھی کارروائی کی گئی، جبکہ فیصل آباد میں پی آر چوکیدار اللہ دتہ، عبدالغفار اور شہباز احمد کے خلاف اقدامات کیے گئے۔محکمہ خوراک نے کرپشن کے الزامات میں 14 فوڈ کنٹرولرز کے خلاف تادیبی کارروائیوں کا آغاز بھی کردیا ہے۔
بہاولنگر کے محمد فیصل، اوکاڑہ کے محمد مسلم، نارووال کے عبدالمجید خان، رحیم یار خان کے محمد علی، ڈی جی خان کے خادم حسین اور میانوالی کے عبدالرحمان کے خلاف کارروائی شروع کی گئی ہے۔
اسی طرح ساہیوال کے عمران بلوچ، ڈی جی خان کے رانا بن یامین، گجرات کے محمد خالد، اٹک کے رمضان سیال، چکوال کی سدرہ معراج، لیہ کے رانا ریاض، گوجرانوالہ کے علی عمران، بہاولنگر کے عدیل احمد اور میانوالی کے خادم فراز بھی تادیبی کارروائی کی زد میں ہیں۔
دوسری جانب مختلف اضلاع میں اینٹی کرپشن کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ وہاڑی میں چھاپہ مار کر سیکرٹری یونین کونسل ریاض احمد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
شیخوپورہ میونسپل کارپوریشن کے سینئر کلرک محمد اشرف کو مبینہ طور پر رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
فیصل آباد میں ٹریپ ریڈ کے ذریعے کمپیوٹر آپریٹر زین السلام اور سیکرٹری یونین کونسل محمد اسلم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ بہاولنگر میں غلام مرتضیٰ اور منڈی بہاؤالدین میں لوکل گورنمنٹ کے جونیئر کلرک مدثر اقبال کو اینٹی کرپشن نے مبینہ طور پر رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔
گوجرانوالہ میں پی ایچ اے کے فیلڈ آفیسر قمر زمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف مہم کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا،
کرپشن فری پنجاب ہماری منزل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں میں بدعنوانی کے خاتمے اور عوام کو شفاف نظام کی فراہمی کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی

