کراچی(الفجر آن لائن)کراچی میں پولیس کا سٹریٹ کرمنلز کے خلاف ایکشن، مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں میں دو ڈاکو ہلاک جبکہ9 زخمیوں سمیت 15 ملزم گرفتار کر لئے گئے۔
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک جے قلندریہ چوک کے قریب پولیس مقابلے کے دوران 2 مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے ملزمان نے پولیس کے پہنچنے پر فائرنگ کی۔
شاہراہ نورجہاں پولیس نے شہری کی نشاندہی پر ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا تھا۔ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ہلاک ملزمان سے 2 پستول، 5 موبائل فون، ایک موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکوں کی شناخت کاعمل جاری ہے جبکہ لاشوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
ادھر پولیس کے مطابق سرجانی ناردرن بائی پاس کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ دو زخمی سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ادھر اورنگی ٹاؤن بسم اللہ چوک کے قریب پولیس مقابلہ چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
نیو کراچی سیکٹر الیون جے میں مبینہ پولیس مقابلہ میں ایک زخمی سمیت دو ملزمان دھر لئے گئے دوسری جانب پوپاش نگر پولیس نے قبرستان کے قریب دوطرفہ فائرنگ کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔
ایف بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، مسروقہ سامان، ایک رکشہ اور موٹر سائیکلیں برآمد کر کے مقدمات درج کر لئے۔

