کراچی(الفجر آن لائن) سندھ حکومت نے صوبے کی جامعات کے پروفیسرز کی ریٹائرمنٹ کی عمر 65 سال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔صوبے کی 32 سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کے اجلاس میں چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا ہے کہ سندھ دیگر صوبوں کے مقابلے میں جامعات کو زیادہ گرانٹ اِن ایڈ فراہم کرتا ہے، صوبے کی جامعات کو 44 ارب 460 ملین روپے کی گرانٹ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ نئے کیمپسز کے قیام کیلئے جامع پالیسی اور واضح معیارات وضع کئے جائیں تاکہ تعلیمی اور مالی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے جاسکیں۔چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی پروفیسرز کی ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سے بڑھا کر 65 سال کرنے کی سمری صوبائی کابینہ کو بھیجی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وائس چانسلرز نے حقِ معلومات کے قانون کے حوالے سے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے، بعض اوقات ایسی معلومات طلب کی جاتی ہیں جن کا عوامی مفاد سے براہِ راست تعلق نہیں ہوتا۔
آصف حیدر شاہ نے کہا جامعات کے لئے پنشن کے واجبات ایک بڑا مسئلہ بن چکے ہیں، مالی بوجھ کم کرنے کیلئے غیر ضروری بھرتیوں، بالخصوص غیر تدریسی شعبوں میں بھرتیوں کی حوصلہ شکنی کی جائے۔

