
نالہ لئی کی سطح بلند ہونے پرمتعلقہ اداروں اور آبادیوں کو الرٹ جاری کردیا گیا
راولپنڈی/اسلام آباد (الفجرآن لائن) جڑواں شہروں میں شدید بارش کے نتیجے میں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے سے لوگوں کا قیمتی سامان تباہ ہوگیا، نالہ لئی کی سطح بلند ہونے پرمتعلقہ اداروں اور آبادیوں کو الرٹ جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کی صبح راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش کے نتیجے میں پانی کے باعث سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں،ٹیچ بھاٹہ، پیپلز کالونی، صادق آباد، کٹاریاں، گوالمنڈی،موچی بازار، تیلی محلہ، کینٹ، شالے ویلی،شارون کالونی،کینٹ جان کالونی ودیگر نشیبی علاقوں میں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے سے شہریوں کا کروڑوں کا قیمتی سامان تباہ ہوگیااورلوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے جبکہ نالا لئی کی سطح بلند ہونے پر متعلقہ اداروں اور آبادیوں کوالرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
بارش سے مریڑ چوک، مری روڈ، لیاقت باغ، مال روڈ، صدر بازار بھی منی تالاب میں تبدیل ہوگئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سیدپور میں 65 ملی میٹر، گولڑہ میں 51 ملی میٹر، پی بوکڑہ 110 ملی میٹر بارش،کچہری میں 94 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔فوجی کالونی میں بارش سے ایک مکان گر گیا،تاہم خوش قسمتی سے گھر پر کسی کے موجود نہ ہونے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف نے کہا ہے کہ نالہ لئی کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے،لئی کے کیچمنٹ ایریا میں تیز بارشوں کے باعث واسا راولپنڈی ہائی الرٹ ہے،نکاسی آب کیلئے ہیوی مشینری و عملہ نشیبی علاقوں میں تعینات ہے۔