
کو ئٹہ (الفجر آن لائن)ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ نے کہا کہ گزشتہ روز بولان میڈیکل کالج میں بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور پشتون اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے درمیان جھگڑے کے نتیجے میں 10 طلباءزخمی ہوگئے پولیس نے 128 طلباءکو گرفتار کرکے تصادم کے بعد ہاسٹلز خالی کراکر کالج کو 2 ہفتوں کے لئے بند کردیا ایس ایس پی کے مطابق کوئٹہ بروری روڈ پر واقع بولان میڈیکل کالج میں بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور پشتون سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے درمیان گزشتہ کئی ہفتوں سے جھگڑے چل رہے تھے۔ یہ جھگڑے کبھی ہاسٹل کے کمروں کی الاٹمنٹ،
کبھی گھور کر دیکھنے اور دیگر معمولی باتوں پر ہو رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ بار بار کی شکایات کے باوجود کالج انتظامیہ نے غفلت کا مظاہرہ کیا اور جھگڑوں کے ذمہ دار طلبا کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جس کی وجہ سے گزشتہ روز دوبارہ جھگڑا ہوا تو اس میں لاٹھیوں اور ڈنڈوں کے وار سے کئی طلبا زخمی ہوئے اور صورتحال کشیدہ ہو گئی جس کی وجہ سے پولیس کو مداخلت کرنا پڑی۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے جھگڑوں میں ملوث اور مقدمات میں نامزد طلبا کو گرفتار کیا تو کالج کی طلبا و طالبات نے مرکزی دروازے پر دھرنا دے دیا۔ پولیس نے انہیں ہٹانے کی کوشش کی تو ان پر حملہ کیا گیا جس پر پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کر کے طلباءکو منتشر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ مشتعل طلبا نے پولیس پر پتھراﺅ بھی کیا جس کے بعد اضافی نفری طلب کر کے 128 طلباءکو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کر کے ڈسٹرکٹ جیل بھیج دیا ہے ۔