
اسلام آبا د۔وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اہم اجلاس میں گزشتہ رات کی بھارتی جارجیت اور پاک فوج کے دندان شکن جواب اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
قومی سلامتی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق بھارت کے ہر حملے کے جواب کا وقت، جگہ اور طریقہ خود منتخب کریں گے، مسلح افواج کو مکمل جوابی کارروائی کا اختیار دے دیا گیا۔
اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ اجلاس میں بھارتی حملوں میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی،فورم نے بھارتی عسکری جارحیت کے تناظر میں پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیاگیا،اعلامیہ میں مزید کہاگیا کہ بھارتی حملوں میں جان بوجھ کر شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا گیا،
بھارت نے حملوں کے لئے جعلی دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا بہانہ بنایا،بھارتی حملوں کے نتیجے میں معصوم بچوں اور خواتین سمیت شہری شہید ہوئے،بھارت نے غیر قانونی حملوں میں مسجدوں کو بھی ٹھکانہ بنایا،
بھارت کے حملوں نے دوست ممالک کی کمرشل پروازوں کو بھی شدید خطرات سے دوچار کیا،بھارتی حملوں سے کمرشل پروازوں پر سوار ہزاروں معصوم شہریوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوا۔قومی سلامتی کمیٹی نے بھارت کی جارحیت پسندی کو یکسر مسترد کیا۔
اعلامیہ میں کہاگیا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کی سالمیت پر حملہ عالمی قوانین کے مطابق جنگ کا آغاز ہے،شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کا عمل ایک گھناؤنا جنگی جرم تھا،
پاکستان نے بھارت کے الزامات کو ہمیشہ مسترد کیا ہے۔ 22 اپریل کے واقعے کے بعد پاکستان کے نیک نیتی سے واقعے کی تحقیقات کی پیشکش کی۔
بھارت کی جانب سے آزادانہ اور شفاف تحقیقات کی پیشکش کو ٹھکرایا گیا۔عالمی میڈیا کے نمائندوں کو بھی ان تصوراتی دہشت گرد ٹھکانوں کا دورہ کرایا گیا۔ بھارتی حکومت کے سیاسی مقاصد کے لئے بھارتی ریاست شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا جا رہاہے۔
اعلامیے کے مطابق بھارتی افواج نے سیالکوٹ، شکرگڑھ، مریڈکے، بہاولپور، کوٹلی، مظفرآباد پر حملے کیے، بھارت نے جھوٹے الزامات پر شہری علاقوں کو نشانہ بنایا، مساجد اور تنصیبات کو نقصان پہنچا، بھارتی حملے سے گلف ممالک کی فضائی پروازیں بھی خطرے میں پڑ گئیں۔
اعلامیہ کے مطابق نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو نشانہ بنانا عالمی کنونشنز کی خلاف ورزی ہے، شہریوں پر حملہ انسانیت اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
بھارت کا حملہ سیاسی مقاصد کے لیے جھوٹ چھپانے کی کوشش ہے، مسلح افواج نے 5 بھارتی طیارے اور ڈرون مار گرائے، قوم افواج کی جرات کو سلام پیش کرتی ہے، ہر جارحیت کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔
عالمی برادری بھارت کو غیرقانونی اقدامات پر جواب دہ بنائے، پاکستان امن کا حامی ہے لیکن خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔