
اسلام آباد۔بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملے کے بعد ملک بھر میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے میچز شیڈول کے مطابق جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی کے ترجمان کے مطابق پی ایس ایل 10 کا ایونٹ اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق کھیلا جائے گا اور تاحال کسی بھی میچ کو منسوخ یا مخر کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔تمام میچز کے لیے سیکیورٹی کو فول پروف بنایا جا رہا ہے تاکہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے کو کھیل کے میدان میں قومی عزم کی علامت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے پیغام دیا گیا ہے کہ کھیل اور عوامی حوصلے کو دشمن کی جارحیت سے متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔