صوبائی وزیر کا وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار، کہا کہ سرفراز بگٹی نے دہشت گردی کے خلاف واضح اور دوٹوک مؤقف اپنایا ہے، ملک کے لیے ان کے ڈھائی سے تین سو ساتھیوں نے قربانیاں دی ہیں۔
کوئٹہ (الفجرآن لائن) صوبائی وزیر بلوچستان علی مدد جتک نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی 2034ء تک اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے، جبکہ وزیراعلیٰ بننے کے خواب دیکھنے اور اس مقصد کے لیے شیروانیاں سلوانے والوں کو مزید آٹھ سال انتظار کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرفراز بگٹی کی قیادت اور سیاسی مستقبل کے حوالے سے کسی کو غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔ علی مدد جتک نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ڈھائی سے تین سو ساتھی ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں اور شہادت کا عظیم مرتبہ حاصل کر چکے ہیں۔ صوبائی وزیر کے مطابق سرفراز بگٹی ان واحد وزرائے اعلیٰ میں شامل ہیں جو دہشت گردوں کو دہشت گرد اور ظالموں کو ظالم کہنے سے گریز نہیں کرتے بلکہ دہشت گردی کے خلاف کھل کر اور دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی سیاسی قیادت اور دہشت گردی کے خلاف پالیسیوں کی حمایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ صوبے کی موجودہ قیادت پر ان کا اعتماد برقرار ہے۔

