میر سرفراز بگٹی اور ننھے شطرنج ماسٹر کے درمیان دلچسپ دوستانہ مقابلہ، وزیراعلیٰ نے ذہانت اور صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام سے نواز دیا
کوئٹہ (الفجر آن لائن): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے کم سن شطرنج ماسٹر عبدالرحمٰن نے ملاقات کی، جس کے دوران وزیراعلیٰ اور ننھے شطرنج ماسٹر کے درمیان شطرنج کا ایک دلچسپ دوستانہ مقابلہ بھی ہوا۔ وزیراعلیٰ نے عبدالرحمٰن کی غیر معمولی ذہانت، کھیل میں مہارت اور صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام سے نوازا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کم سن شطرنج ماسٹر کی ذہنی صلاحیتوں اور شطرنج کے کھیل میں دلچسپی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عبدالرحمٰن جیسے باصلاحیت بچے بلوچستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کرکے انہیں مزید آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے اعلان کیا کہ کم سن شطرنج ماسٹر عبدالرحمٰن کا تعلق ایک غریب گھرانے سے ہے اور ان کے والد بے روزگار ہیں، لہٰذا عبدالرحمٰن کے والد کو ملازمت فراہم کی جائے گی تاکہ ان کے خاندان کو معاشی سہارا مل سکے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ شطرنج جیسے ذہنی کھیل نوجوانوں میں غور و فکر، حکمت عملی ترتیب دینے اور درست فیصلہ سازی کی صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں۔ ایسے کھیل بچوں کی ذہنی نشوونما اور تخلیقی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بلوچستان کے باصلاحیت بچوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ حکومت ایسے بچوں کو مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے جو اپنی محنت، ذہانت اور قابلیت سے صوبے اور ملک کا نام روشن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر کم سن شطرنج ماسٹر عبدالرحمٰن کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کے اس اقدام کو باصلاحیت بچوں کی سرپرستی اور مستحق خاندانوں کی معاونت کے حوالے سے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

