مولانا فضل الرحمان کے اہل خانہ اور قریبی ساتھیوں کے خلاف مبینہ ٹیکس چوری کی شکایت ایف بی آر میں جمعسینیٹر کامران مرتضیٰ، لطف الرحمان، ضیاء الرحمان، اسعد محمود اور ابرار احمد خان کے اثاثوں، اکاؤنٹس اور ذرائع آمدن کی تحقیقات کا مطالب
اسلام آباد (الفجرآن لائن) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے اہل خانہ اور قریبی ساتھیوں کے خلاف مبینہ ٹیکس چوری، آمدن چھپانے اور مالی بے ضابطگیوں کے الزامات پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں شکایت جمع کرا دی گئی ہے۔
شکایت گزار نے ایف بی آر سے پانچ افراد کے اثاثوں، بینک اکاؤنٹس، کاروباری سرگرمیوں اور ذرائع آمدن کی جامع تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ایف بی آر کو موصول ہونے والی شکایت میں سینیٹر کامران مرتضیٰ، لطف الرحمان، ضیاء الرحمان، اسعد محمود اور ابرار احمد خان کے نام شامل ہیں۔
شکایت کے مطابق سینیٹر کامران مرتضیٰ کے متعدد ملکی اور غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس میں ہونے والی مالی سرگرمیوں کی جانچ پڑتال کی درخواست کی گئی ہے، جبکہ لطف الرحمان کے مختلف بینکوں میں موجود اکاؤنٹس اور کاروباری سرگرمیوں کا ٹیکس قوانین کے تحت جائزہ لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح ضیاء الرحمان کے مختلف بینک اکاؤنٹس میں مبینہ طور پر غیر واضح رقوم کی موجودگی کا دعویٰ کرتے ہوئے ان کے مالی معاملات کی تحقیقات کی استدعا کی گئی ہے۔
شکایت میں اسعد محمود کے بینک اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کے ذریعے ممکنہ ٹیکس چوری کا تعین کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
شکایت گزار نے ابرار احمد خان کے بینک اکاؤنٹس، ٹریول اینڈ ٹورز کے کاروبار اور متعلقہ مالی معاملات کی بھی چھان بین کی درخواست کی ہے۔شکایت میں مختلف فلاحی، تعلیمی اور کاروباری اداروں سے منسلک مالی لین دین کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
ایف بی آر سے استدعا کی گئی ہے کہ نامزد افراد کے اثاثوں، جمع کرائے گئے ٹیکس گوشواروں اور بینک ٹرانزیکشنز کا تقابلی جائزہ لیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ غیر ظاہر شدہ آمدن یا مشتبہ مالی لین دین کا پتا چلایا جا سکے۔
شکایت گزار نے ایف بی آر سے معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے الزامات ثابت ہونے کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔
واضح رہے کہ ایف بی آر میں شکایت جمع ہونے کا مطلب الزامات کا ثابت ہونا نہیں، معاملے کی حقیقت تحقیقات اور متعلقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد ہی سامنے آسکے گی

