پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (PBA) کو صحافیوں کے مالی تحفظ کے لیے جامع نظام تشکیل دینے کی ہدایت، وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ میڈیا اداروں کو صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے
اسلام آباد (الفجر آن لائن): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (PBA) پر زور دیا ہے کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک مخصوص ویلفیئر فنڈ قائم کیا جائے اور دورانِ پیشہ ورانہ فرائض جان کی بازی ہارنے والے صحافیوں کے اہل خانہ کے لیے باقاعدہ معاوضہ پیکیج تیار کیا جائے۔
وفاقی وزیر نے یہ مطالبہ جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ ان کا یہ بیان پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسلام آباد کے دورے کے بعد سامنے آیا، جہاں وہ زیرِ علاج بیمار صحافی محمد اسلم کھوکھر کی عیادت کے لیے پہنچے تھے۔
عطاء اللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹیلی ویژن چینلز کو حکومت اور نجی شعبے کی جانب سے اشتہارات موصول ہوتے ہیں، جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی آمدن حاصل کی جاتی ہے، تاہم اس کے باوجود صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی مخصوص فنڈ قائم نہیں کیا گیا اور نہ ہی دورانِ فرائض جاں بحق ہونے والے صحافیوں کے لیے کوئی جامع معاوضہ پیکیج تیار کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سلسلہ مزید جاری نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن پر زور دیا کہ صحافیوں کے معاشی تحفظ، فلاح و بہبود اور ان کے اہل خانہ کی مالی معاونت کے لیے ایک مؤثر اور جامع طریقہ کار وضع کیا جائے۔
اس سے قبل پمز اسپتال کے دورے کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات نے زیرِ علاج صحافی محمد اسلم کھوکھر کی عیادت کی اور ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے صحافی برادری کو یقین دلایا کہ مشکل حالات میں کسی بھی صحافی کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وہ صحافی برادری کے مسائل اور مشکلات کے حل کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور حکومت صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
دورے کے موقع پر وفاقی وزیر نے محمد اسلم کھوکھر کو ملازمت کا خط بھی حوالے کیا اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر نے پمز میں صحافی کے علاج پر مامور ڈاکٹروں سے بھی ملاقات کی اور ان سے محمد اسلم کھوکھر کی صحت، طبی صورتحال اور جاری علاج کے حوالے سے تفصیلات حاصل کیں۔
صحافیوں کے لیے ویلفیئر فنڈ اور دورانِ ڈیوٹی جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے لیے معاوضہ پیکیج کی تجویز کو میڈیا ورکرز کے معاشی تحفظ اور صحافتی شعبے میں فلاحی اقدامات کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

