پاکستانی اور دوست ممالک کے افسران سمیت شرکاء کو وزارتِ خارجہ کی کارکردگی، پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات، دوطرفہ تعلقات اور اہم علاقائی و عالمی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
اسلام آباد(الفجرآنلائن): پاکستان نیوی وار کورس (PNWC) کے تقریباً 150 رکنی وفد نے آج وزارتِ خارجہ کا دورہ کیا، جس میں پاکستانی افسران، دوست ممالک سے تعلق رکھنے والے فوجی افسران اور فیکلٹی ممبران شامل تھے۔ اس موقع پر وزارتِ خارجہ کے ترجمان اور سفیر سجاد حیدر خان نے وفد کو وزارت کے انتظامی و سفارتی امور، پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیادی ترجیحات، مختلف ممالک کے ساتھ دوطرفہ شراکت داری اور اہم علاقائی و عالمی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران شرکاء کو پاکستان کے سفارتی روابط، عالمی سطح پر خارجہ پالیسی کے اہداف اور بدلتے ہوئے بین الاقوامی حالات میں ملک کے کردار سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر سوال و جواب کا خصوصی سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں وفد کے ارکان نے مختلف امور پر سوالات کیے اور سفیر سجاد حیدر خان کے ساتھ اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔ اس نشست میں پاکستان کی سفارتی حکمت عملی، علاقائی حالات اور عالمی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیوں کے تناظر میں مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دورے کا مقصد پاکستان نیوی وار کورس کے شرکاء کو ملکی خارجہ پالیسی، سفارتی ترجیحات اور بین الاقوامی تعلقات کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔

