وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے منگل کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع، صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، صوبائی مشیر برائے ماحولیات نسیم الرحمٰن ملاخیل اور عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جن میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان، ترقیاتی امور، ماحولیاتی چیلنجز، عوامی مسائل اور بین الجماعتی روابط سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ملاقاتوں کے دوران صوبے میں جاری ترقیاتی عمل، گڈ گورننس کے فروغ، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور سیاسی ہم آہنگی کے تسلسل سے متعلق امور زیر غور آئے۔ اس موقع پر ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور ترقیاتی منصوبوں میں ماحول دوست پالیسیوں کے نفاذ کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا سیاسی رہنماؤں اور صوبائی مشیر نے صوبے میں جاری حکومتی اقدامات اور ترقیاتی پیش رفت کو سراہتے ہوئے مختلف عوامی مسائل کی نشاندہی کی اور ان کے پائیدار حل کے لیے تجاویز پیش کیں۔ ملاقاتوں میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے سیاسی استحکام اور باہمی اعتماد ناگزیر ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ صوبے کی ترقی، امن و استحکام، ماحولیاتی بہتری اور عوامی ریلیف حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت تمام سیاسی جماعتوں اور عوامی نمائندوں کے ساتھ مسلسل رابطے اور مشاورت کے ذریعے عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی عمل کو مزید مؤثر بنا رہی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں شفافیت، گڈ گورننس اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ سیاسی قیادت کے درمیان اعتماد سازی اور روابط کے فروغ سے جمہوری عمل مزید مستحکم ہوگا اور عوامی خدمت کے معیار میں بہتری آئے گی۔
