وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ساؤتھ ایئر کی پہلی کامیاب آزمائشی (Proving) پرواز کی لینڈنگ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بلوچستان کی ترقی، بہتر علاقائی روابط اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ساؤتھ ایئر کی جانب سے فضائی آپریشنز کے آغاز سے گوادر کو ملک کے مختلف اہم شہروں سے مؤثر اور جدید فضائی رابطہ میسر آئے گا، جس سے عوام کو محفوظ، تیز رفتار اور معیاری سفری سہولیات حاصل ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ مجوزہ فضائی نیٹ ورک کے تحت گوادر کو تربت، پنجگور، کوئٹہ، سکھر، لاہور، اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں سے منسلک کیا جائے گا، جس سے صوبے میں نقل و حمل اور کاروباری روابط مزید مستحکم ہوں گے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گوادر پاکستان کی معاشی ترقی، بحری تجارت اور علاقائی روابط کا ایک اہم مرکز بن چکا ہے۔ نئی فضائی سروسز کے آغاز سے نہ صرف سیاحت، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوگا بلکہ مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں کو بھی نئی جہت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ بہتر فضائی رابطے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور مقامی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس پیش رفت کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ کوششوں کا ثمر قرار دیتے ہوئے کہا کہ گوادر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گوادر کو بین الاقوامی معیار کے اقتصادی اور تجارتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ساؤتھ ایئر کی کامیاب آزمائشی پرواز بلوچستان کے روشن مستقبل، بہتر سفری سہولیات اور اقتصادی خوشحالی کی جانب ایک مثبت اور حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔
