کوئٹہ (الفجرآن لائن) بلوچستان کے علاقوں واشک اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے ‘فتنہ الہندوستان’ کے 12 دہشت گردوں کو ان کے عبرتناک انجام تک پہنچا دیا ہے۔ معاون محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے اس بڑی کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا انجام سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، فرض شناسی اور بہترین حکمتِ عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
بابر یوسفزئی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف برسرِ پیکار سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جرات، بے مثال قربانیاں اور پختہ عزم پوری قوم کے لیے باعثِ افتخار ہیں۔ حکومت بلوچستان ریاست دشمن عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے اپنے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے دہرایا کہ ریاست کی رٹ پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
معاون محکمہ داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو قومی اتحاد، مؤثر حکمتِ عملی اور فیصلہ کن کارروائیوں کے ذریعے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ بلوچستان میں پائیدار امن، استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا یہ سلسلہ پوری قوت سے جاری رہے گا تاکہ صوبے کو ہر قیمت پر پرامن اور محفوظ بنایا جا سکے

