راولپنڈی/کوئٹہ (الفجرآن لائن) سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں خفیہ اطلاعات پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک اور ان کا ایک ٹھکانہ تباہ کر دیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 5 اگست کو ضلع واشک میں 6 دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر مثر کارروائی کی گئی جس میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ 6 اگست کو مستونگ میں فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران مزید 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 5 اور 6 اگست کی یہ کارروائیاں ‘ردالفتنہ 3’ کے تحت جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا حصہ تھیں، اور ‘عزم استحکام’ کے تحت ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

