وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت اجلاس میں سیکیورٹی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ، اسمگلنگ اور منشیات کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے اور سیف سٹی منصوبوں کے لیے وسائل فراہم کرنے کی ہدایت
کوئٹہ (الفجر آن لائن، 4 نومبر 2026) ہارڈننگ آف دی اسٹیٹ کانفرنس کے 29ویں اجلاس میں بلوچستان میں پائیدار امن، قانون کی بالادستی اور ریاستی عملداری کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی اور صوبائی اداروں، متعلقہ محکموں اور سیکیورٹی فورسز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور ریاستی عملداری مستحکم کرنے کے لیے اداروں کے درمیان مربوط تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
اجلاس میں اسمگلنگ، منشیات کی روک تھام، پوست کی کاشت کے خاتمے اور دیگر غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان سرگرمیوں کے سدباب کے لیے متعلقہ ادارے مشترکہ حکمت عملی کے تحت مؤثر اقدامات جاری رکھیں گے۔
اجلاس کے دوران بی ایریاز کو اے ایریاز میں تبدیل کرنے کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، جبکہ اس عمل کو صوبے کے تمام ڈویژنز میں مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
شرکاء نے کوئٹہ سمیت صوبے کے اہم شہروں میں سیف سٹی منصوبوں کی تکمیل کو سیکیورٹی نظام کی بہتری کے لیے اہم قرار دیا۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری فنڈز اور وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، قانون کی بالادستی اور ریاستی عملداری کے قیام کے لیے وفاقی و صوبائی ادارے اور سیکیورٹی فورسز مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

