میر سرفراز بگٹی اور مریم نواز شریف کا مشترکہ تعاون پر اتفاق، بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی کو مستحکم بنانے کے لیے جوائنٹ وینچر کے تحت اقدامات کیے جائیں گے
کوئٹہ (الفجر آن لائن) بلوچستان میں سیف سٹی منصوبوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور مؤثر بنانے کے لیے پنجاب حکومت کے تعاون سے مشترکہ اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی کو مستحکم بنانے، تکنیکی معاونت فراہم کرنے اور سیکیورٹی مانیٹرنگ کے نظام کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مراسلے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی کی ادارہ جاتی استعداد بڑھانے اور ضروری معاونت فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں دونوں صوبوں کی سیف سٹی اتھارٹیز کے درمیان جوائنٹ وینچر کے تحت تعاون، تکنیکی مہارتوں کے تبادلے اور عملے کی تربیت پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات نے جاری منصوبوں اور ان پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے کے 9 شہروں میں سیف سٹی منصوبوں پر کام جاری ہے۔
ڈی جی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس نے اجلاس کو بتایا کہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی بلوچستان کے عملے کی تربیت، پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے اور جدید تکنیکی معاونت فراہم کرے گی، تاکہ منصوبوں کو مؤثر انداز میں فعال بنایا جا سکے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے محض نگرانی کا نظام نہیں بلکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جدید سیکیورٹی انفراسٹرکچر کی بنیاد ہیں۔ صوبے میں امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر سیکیورٹی مانیٹرنگ ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید نگرانی کے نظام کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے، مشتبہ سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے فوری ردعمل کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے کے 9 شہروں میں جاری سیف سٹی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور ذمہ داری کے ساتھ ان کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اہم ذمہ داری ہے اور وہ ان منصوبوں پر پیش رفت کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے سیف سٹی منصوبوں میں تعاون پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبوں کے درمیان ادارہ جاتی تعاون اور تجربات کا تبادلہ عوامی تحفظ کے مشترکہ اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان محمد حمزہ شفقات نے بتایا کہ منصوبوں کی تکمیل سے 9 شہروں میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سیکیورٹی مانیٹرنگ کا نظام قائم ہوگا، جس سے جرائم کی روک تھام، مشتبہ سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر خان، ڈائریکٹر جنرل بلوچستان سیف سٹی اتھارٹی محمد اشفاق، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیر اعلیٰ عمران زرکون، سیکرٹری خزانہ جہانگیر خان، سیکرٹری آئی ٹی ایاز خان مندوخیل اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

