جدید ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس میزائل طویل فاصلے پر فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیت میں اضافے کا اہم سنگِ میل، آئی ایس پی آر
راولپنڈی (الفجر آن لائن) پاکستان نے دفاعی اور ایرو اسپیس ٹیکنالوجی کے میدان میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے پہلے ’فاز‘ میزائل کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کرلیا۔ اس کامیاب تجربے کو ملک کی دفاعی صلاحیتوں، تکنیکی خود انحصاری اور مقامی دفاعی صنعت کی ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ’فاز‘ میزائل جدید ترین ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے اور طویل فاصلے پر فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے تیار کردہ یہ میزائل پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کرے گا، جبکہ ملک کے مجموعی دفاعی نظام کو مزید مستحکم بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
ترجمان کے مطابق ’فاز‘ میزائل کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی مہارت، جدت اور خود انحصاری کا واضح ثبوت ہے۔ یہ کامیابی مقامی سطح پر جدید دفاعی نظام تیار کرنے کی قومی صلاحیت میں اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔
میزائل کے کامیاب تجربے کے موقع پر مسلح افواج کے اعلیٰ افسران کے علاوہ ممتاز سائنسدان اور انجینئرز بھی موجود تھے، جنہوں نے اس جدید ہتھیاروں کے نظام کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔
صدرِ مملکت، وزیراعظم، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے اس اہم دفاعی کامیابی پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور محنت کو سراہا۔
پاکستان کا مقامی طور پر تیار کردہ ’فاز‘ میزائل کا کامیاب تجربہ قومی دفاعی خود انحصاری اور جدید ایرو اسپیس ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جارہا ہے۔

