صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی سربراہی میں حکومتی وفد قلعہ عبداللہ پہنچ گیا، مظاہرین سے مذاکرات کے ذریعے کشیدہ صورتحال کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
قلعہ عبداللہ(الفجرآن لائن) رات گئے حکومتی وفد مظاہرین سے مذاکرات کے لیے قلعہ عبداللہ پہنچ گیا، جہاں علاقے کی صورتحال اور مظاہرین کے مطالبات پر بات چیت کی جائے گی۔ وفد میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، رکن صوبائی اسمبلی اسفند یار کاکڑ، رکن صوبائی اسمبلی زمرک خان اچکزئی اور معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی شامل ہیں۔ حکومتی وفد مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کرکے ان کے تحفظات اور مطالبات سننے کے ساتھ صورتحال کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرے گا۔ حکومتی نمائندوں کی قلعہ عبداللہ آمد کو کشیدگی میں کمی اور معاملات کو افہام و تفہیم سے آگے بڑھانے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ وفد کی جانب سے مذاکرات کے ذریعے قابلِ قبول حل تلاش کرنے اور علاقے میں معمولاتِ زندگی کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جانے کی توقع ہے۔ تاہم مذاکرات کے نتائج اور مظاہرین کے ردعمل سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

