کوئٹہ:وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے شہید پولیس ہیڈ کانسٹیبل رحمت خلجی کے گھر جا کر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر معاون برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی سمیت دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے
انہوں نے شہید کے لواحقین، بچوں اور سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہید کے بچوں سے خصوصی شفقت اور پیار کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں حوصلہ دیا اور یقین دلایا کہ حکومت انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ ہیڈ کانسٹیبل رحمت خلجی نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کا بلند رتبہ حاصل کیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے بلوچستان پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہلکاروں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا شہید کے اہل خانہ خود کو تنہا نہ سمجھیں، حکومت ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے لواحقین کی کفالت اور بچوں کی تعلیم و تربیت کی ذمہ داری حکومت کی ذمہ داری ہے
انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ صوبائی حکومت امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔