جدہ (الفجرآن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب کے دورے پر جدہ پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور علاقائی امور پر اعلیٰ سطحی مشاورت کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔
جدہ کے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے کیا۔ اس موقع پر سعودی عرب کے وزیر زراعت، پانی و ماحولیات انجینیئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق، سعودی حکام اور پاکستانی سفارتی مشن کے اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے اہم ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ خطے کی مجموعی صورتحال، امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور بھی زیر غور آئیں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے جبکہ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ میں حاضری دیں گے اور روضہ رسول ﷺپر سلام پیش کرنے کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی سعودی عرب کے اس اہم دورے میں شریک ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے اور خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے

