کوئٹہ( الفجرآن لائن) ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے مکمل خاتمے کے لیے جاری ‘آپریشن رَدُّ الفتنہ 3’ کے تحت سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے قریبی علاقوں میں ایک مؤثر اور کامیاب کارروائی انجام دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے کوئٹہ کے نواحی علاقوں ‘کمبیلہ’ اور ‘عاصم آباد’ میں ایک وسیع سرچ اینڈ سینیٹائزیشن آپریشن کیا، جس کے دوران 68 مربع کلومیٹر کے طویل رقبے کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، اس شدید ترین کارروائی کے دوران 8 سے 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن میں سے 2 دہشت گردوں کی لاشیں موقع سے برآمد کر لی گئی ہیں۔ فورسز کی فائرنگ سے ملک دشمن عناصر کے 3 سے 4 کارندے شدید زخمی بھی ہوئے، جن میں مبینہ طور پر دہشت گرد کمانڈر ‘شوکت ماما’ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کے دوران پناہ گاہوں کی تلاش کے دوران 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس کامیاب سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے قائم کردہ ممکنہ پناہ گاہوں اور ٹھکانوں کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا، جبکہ علاقے میں شرپسندوں کی جانب سے لگائے گئے ‘فتنہ الہندوستان’ کے جھنڈے اور دیگر ممنوعہ علامات کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی حکام نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ‘آپریشن رَدُّ الفتنہ 3’ ملک میں پائیدار امن اور دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے تک پوری طاقت اور شدومد کے ساتھ جاری رہے گا۔

