بدامنی، بارڈر بندش اور پٹرولیم بھتہ خوری کے خلاف احتجاج، عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل
کوئٹہ(نیوز ایجنسیاں) امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ آج 7 اگست پٹرولیم مصنوعات پر مبینہ بھتہ خوری، شاہراہوں پر لوٹ مار، بدامنی، بدعنوانی، بارڈرز کی بندش اور لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں بلوچستان بھر میں بڑی شاہراہوں پر پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔
انہوں نے مختلف وفود، تنظیمی اجلاسوں اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں بلیلی، میاں غنڈی اور تیرہ میل کے مقامات پر شاہراہیں بند کی جائیں گی، جبکہ ٹرانسپورٹرز، ٹرک، بس، مزدا اور دیگر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز، تاجر برادری اور مختلف عوامی حلقوں نے ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی نے صوبہ بھر میں ہڑتال کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ یہ ہڑتال کسی ایک جماعت کی نہیں بلکہ بلوچستان کے عوام، تاجروں، ٹرانسپورٹرز، مزدوروں اور نوجوانوں کی مشترکہ اور پرامن جدوجہد ہے، جس کا مقصد امن و امان کی بحالی، بدعنوانی اور شاہراہوں پر لوٹ مار کے خاتمے، بارڈرز کی بحالی، پٹرولیم مصنوعات پر مبینہ بھتہ خوری کے خاتمے اور لاپتہ افراد کی بازیابی کے مطالبات کو اجاگر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بدامنی اور بارڈر بندش نے عوام اور تاجروں کو شدید معاشی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، جبکہ تجارت اور روزگار بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق بلوچستان کی متعدد اہم شاہراہوں، جن میں کوئٹہ۔چمن، کوئٹہ۔ژوب، کوئٹہ۔سبی، کوئٹہ۔کراچی، نوشکی۔تفتان، گوادر۔تربت۔ہوشاب اور دیگر قومی شاہراہیں شامل ہیں، پر احتجاج اور پہیہ جام کیا جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی بلوچستان نے عوام، تاجروں، ٹرانسپورٹرز، وکلا، طلبہ، کسانوں اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بلوچستان کے عوامی حقوق، امن اور انصاف کے لیے پرامن ہڑتال میں بھرپور شرکت کرکے اسے کامیاب بنائیں۔

