غیر حاضری پر برطرف ملازمین کی تعداد 200 ہوگئی، 11 ہزار ملازمین سے وضاحت طلب، 800 کے خلاف محکمانہ کارروائی جاری، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی
کوئٹہ (الفجر آن لائن): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں پہلی بار محکمہ صحت میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) پر مبنی حاضری کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ مسلسل غیر حاضر رہنے والے مزید 72 ڈاکٹرز کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق محکمہ صحت میں غیر حاضری کے باعث برطرف کیے جانے والے ملازمین کی مجموعی تعداد 200 ہوگئی ہے۔ حاضری اور نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں پر اب تک ملازمین کی تنخواہوں سے 41 کروڑ روپے کی کٹوتی کی جا چکی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ غیر حاضری اور فرائض سے غفلت پر 11 ہزار ملازمین سے وضاحت طلب کی گئی ہے، جبکہ مزید 800 سرکاری ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین عوام کے خادم ہیں اور انہیں اپنی ذمہ داریاں دیانت داری اور پابندی کے ساتھ ادا کرنا ہوں گی۔ کسی سرکاری ملازم کو گھر بیٹھ کر تنخواہ لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور عوامی خدمت میں غفلت یا غیر حاضری برداشت نہیں کی جائے گی۔


