اسلام آباد(الفجر آن لائن) وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی سکس فور میں واقع ایک رہائش گاہ پر غیر قانونی تعمیرات اور سی ڈی اے کی اراضی کے مبینہ غیر قانونی استعمال کی نشاندہی ہوئی ہے، جس پر کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے مالک کو نوٹس جاری کرتے ہوئے خلاف ورزیاں ختم کرنے کے لیے 15 روز کی مہلت دے دی ہے۔
سی ڈی اے کے نوٹس کے مطابق رہائش گاہ کے مقررہ سیٹ بیکس میں غیر قانونی تعمیرات کی گئی ہیں، جبکہ اتھارٹی کی اراضی پر گارڈ پوسٹیں اور جنریٹر بھی نصب کیے گئے ہیں۔
نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ رہائش گاہ کے مالک نے 2019 میں حلف نامہ جمع کرایا تھا، جس میں تین ماہ کے اندر تمام خلاف ورزیاں ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، تاہم چھ سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ان خلاف ورزیوں کو دور نہیں کیا گیا۔
سی ڈی اے نے مالک کو ہدایت کی ہے کہ نوٹس موصول ہونے کے بعد 15 روز کے اندر تمام غیر قانونی تعمیرات اور دیگر خلاف ورزیاں ختم کرکے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت میں احکامات پر عمل نہ ہونے کی صورت میں رہائش گاہ کو سیل کرنے یا غیر قانونی تعمیرات مسمار کرنے کی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ خلاف ورزیوں پر رہائشی پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کا عمل بھی شروع کیا جا سکتا ہے۔

