سکردو (الفجر آن لائن) سکردہ شہر کے علاقے مدینہ کالونی کے عقب میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں میاں بیوی اور ان کے دو کمسن بچوں کو قتل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق مقتولین میں 35 سالہ اسلم، ان کی 30 سالہ اہلیہ ہانیہ اور پانچ سالہ اور ڈھائی سالہ دو بچے شامل ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتول میاں بیوی نے تقریباً سات سال قبل کورٹ میرج کی تھی، اسلم کا تعلق روندو جبکہ ہانیہ کا تعلق پاراچنار سے بتایا جاتا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کو غیرت کے نام پر قتل کے ممکنہ پہلو سے بھی دیکھا جا رہا ہے، مقتول شوہر کے لواحقین نے قتل کا الزام سسرالی رشتہ داروں پر عائد کیا ہے، تاہم واقعے کی اصل وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین تحقیقات کے بعد ہی ممکن ہوگا۔
واقعے کے بعد پولیس نے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر دی ہے اور شواہد اکٹھے کرنے سمیت مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
چار افراد کے بہیمانہ قتل کے اس واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس اور شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری اور واقعے کے حقائق سامنے لانے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔

