اسلام آباد(الفجر آن لائن)پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے طالبان رجیم کی متعدد چوکیاں اور فوجی تنصیبات تباہ کر دیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 27 اکتوبر کو انگوراڈہ کے مقام پر افغان طالبان کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا۔
پاک فوج نے جنوبی وزیرستان اور پاراچنار سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں افغان طالبان کی متعدد چوکیوں اور فوجی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں افغان طالبان کو اپنی متعدد پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہونا پڑا۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج کی کارروائی میں افغان طالبان رجیم کے متعدد اہلکاروں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی سرحدوں کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔ قومی سلامتی اور ملکی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

